تربت، کیچ اسپورٹس فیسٹیول، تقریب رونمائی فٹبال ٹرافی

تربت ( گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے 12 روزہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ کیچ اسپورٹس فیسٹیول کا افتتاح 5 جنوری کو ایک شاندار تقریب کے ساتھ ہوگا جبکہ 16 جنوری کو تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب کے ساتھ فیسٹیول اختتام پذیر ہوگا۔ اس سلسلے میں کیچ اسپورٹس فیسٹیول کی شاندار ٹرافی کی رونمائی کی تقریب آج سرکٹ ہاؤس تربت میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمان خصوصی سابق وزیر اعلی بلوچستان و ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس کمیٹی کے پیٹرن اِن چیف و ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کےساتھ فیسٹیول کے فٹبال کے فائنل میچ کے ٹرافی کی رونمائی کی۔ اس موقع پر کیچ اسپورٹس فیسٹیول کے سیکریٹری التاز سخی، وویمن اسپورٹس منیجر فہمیدہ رشید سمیت دیگر اراکین، کاروباری شخصیات، کھلاڑی اور اسپورٹس سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیچ ہمیشہ سے مثبت سیاست، ادب، ثقافت، روایات، آرٹ، تعلیم اور اسپورٹس کے حوالے سے اپنی پہچان رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ کھیلوں کو فروغ دیا جائے اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے ہر سال اپنے فنڈز سے تقریباً 80 لاکھ روپے اسپورٹس کلبوں کو فراہم کیے، جبکہ تربت میں والی بال اسٹیڈیم کے لیے ایک کروڑ روپے کی رقم بھی دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کیچ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اسپورٹس فیسٹیول میں خواتین کی بھرپور شرکت خوش آئند امر ہے، اور یہ بات باعثِ مسرت ہے کہ ہماری بچیاں اسپورٹس کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔ سابق وزیرِ اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ادب اور اسپورٹس کے فروغ کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں اور دیگر عوامی معاملات کے حل کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور خواتین کو بھر پور مواقع دینا قابل تحسین اقدام ہے فیسٹول کی کامیابی کیلئے مکمل تعاون کرینگے انہوں نے اسپورٹس فیسٹیول کے سیکریٹری التاز سخی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے کہاکہ اس اسپورٹس فیسٹیول کے دوران تاریخ میں پہلی بار تربت میں شاندار میراتھن ریس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر پچاس ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو پچیس ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے فیسٹیول میں مرد و خواتین کھلاڑیوں سمیت مکران بھر کے تمام کھلاڑیوں اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں جس میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ٹگ آف وار کے علاوہ روایتی کھیل، باڈی بلڈنگ، مختلف ریسز اور دیگر فٹنس ایونٹس بھی شامل ہوں گے۔تقریب سے فیسٹول کے سیکرٹری التاز سخی نے فیسٹول کے حوالے سے شرکاء کو مختصر بریف کیا جبکہ تقریب کے نظامت کے فرائض فیسٹول کمیٹی کے متحرک رکن ہومر ہوت نے سرانجام دیئے.