تربت(گدروشیا پوائنٹ)تربت شہر کے مین بازار میں واقع رحمت شیرین سویٹس اینڈ بیکرز میں علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث دکان میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا اور لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ رات تقریباً تین بجے پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، تاہم اس وقت تک دکان میں موجود مٹھائی، بیکری آئٹمز، فریج اور دیگر قیمتی سامان مکمل طور پر جل چکا تھا۔ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہو سکتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ دکان کے مالک کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ واقعے کے بعد مین بازار کے تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تاجروں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازار میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچا جا سکے۔

