تربت(گدروشیاپوائنٹ)گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوشقلات میں جاری گولڈن ویک کے سلسلے میں فائنل میچ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔ فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی سابق کونسلر اور علاقے کے معروف سیاسی و سماجی شخصیت اسماعیل ابراہیم تھے، جنہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ گولڈن ویک کی نگرانی اسکول کے ہیڈماسٹر اکبر تاج کی سربراہی میں کی گئی، جبکہ اسپورٹس سرگرمیوں کی ذمہ داری پی ٹی آئی شعیب عصاء نے احسن انداز میں نبھائی۔ فائنل میچ دیکھنے کیلئے اساتذہ کرام، کونسلران اور طلبہ سمیت علاقے کے معززین کی کثیر تعداد موجود تھی، جن میں سردار دوداخان درزادہ،منصور احمد،نصرت بزنجو، واجہ مراد بخش،شکیل لعل، واجہ مولابخش،عبدالعزیز،رحیم صادق،امجد مراد،وارث حسن اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔مہمانِ خصوصی نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل کود نوجوان نسل کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ایسی سرگرمیاں تعلیمی اداروں میں جاری رہنی چاہئیں۔تقریب کے اختتام پر فائنل میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور کھلاڑیوں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں، جس پر شرکاء نے اسکول انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور گولڈن ویک کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

