دشت/تربت: تولگی تا سبدان روڈ کی ابتر حالت، سڑک مکمل طور پر ناقابلِ آمد و رفت

دشت/تربت(گدروشیا پوائنٹ) ضلع کیچ کی تحصیل دشت میں تولگی تا سبدان روڈ کی انتہائی خراب اور ابتر صورتحال نے مقامی آبادی کی مشکلات کو سنگین حد تک بڑھا دیا ہے۔ شکرو سے آگے یہ سڑک مکمل طور پر ناقابل سفر بن چکی ہے۔ جس کے باعث نہ صرف گاڑیوں و موٹر سائیکلوں بلکہ پیدل چلنے والوں کیلئے بھی آمد و رفت شدید اذیت بن گئی ہے۔ مقامی زمیندار شاہ بخش سمیت دیگر نے گدروشیا پوائنٹ کو بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ عوام کو تعلیمی، تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ہنگامی حالات میں صورتِحال مزید تشویشناک ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کرنا تقریباً ناممکن ہوچکا ہے۔ خراب سڑک کے باعث ایمبولینس اور دیگر گاڑیاں متاثرہ علاقوں تک پہنچنے سے قاصر رہتی ہیں۔ جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ انہوں نےکہاکہ زچہ و بچہ سمیت مریض ہسپتال پہنچنے میں تاخیر تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں جو ایک سنگین صورتحال ہے۔ انہوں نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مٔعتبر حاجی برکت رند، کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر کیچ اور دیگر متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیاکہ تولگی تا سبدان روڈ کی ابتر حالت اور مکمل نہ کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے سڑک کی تعمیر و مرمت کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو مزید جانی و مالی نقصان سے بچایا جاسکے۔