تربت: مقتول رحمدل کے اہلخانہ کی اہم پریس کانفرنس،انصاف کا مطالبہ

تربت(گدروشیا پوائنٹ)مقتول رحمدل ولد فضل کے اہلخانہ نے تربت پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے بیٹے کے قتل کو بے بنیاد الزامات کا نتیجہ قرار دیا اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ رحمدل کا کسی بھی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں تھا بلکہ وہ ایک غریب مزدور تھا اور کنٹانی میں محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پالتا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران مقتول کے لواحقین نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ان کے خاندان پر ظلم ڈھایا گیا اور رحمدل کے والد کو بھی بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، جس کا صدمہ خاندان آج تک نہیں بھلا سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود انہیں مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اہلخانہ نے بلوچ مسلح تنظیم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بیٹے پر کوئی الزام ہے تو اسے واضح کیا جائے اور ثبوت فراہم کیے جائیں کہ اسے کیوں اور کس بنیاد پر قتل کیا گیا۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی قسم کی مخبری نہیں کی اور نہ ہی ان کا کسی ایسے عمل سے کوئی تعلق ہے جس کی بنیاد پر انہیں سزا دی جائے۔ پریس کانفرنس کے دوران مقتول کی والدہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا بے گناہ تھا اور وہ ہمارے کے لیے محنت کرتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف چاہیے اور ہمارے ساتھ مزید ظلم نہ کیا جائے۔