تربت: ٹیچنگ ہسپتال میں معذور افراد رجسٹریشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ)تربت ٹیچنگ ہسپتال میں معذور افراد کی رجسٹریشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال کیچ ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کیچ امتیاز سخی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ متعلقہ ڈاکٹروں، طبی ماہرین اور محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معذور افراد کو کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں متعلقہ ڈاکٹروں نے طبی معائنہ اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق مستحق افراد کو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کیا، تاکہ وہ سرکاری و فلاحی سہولیات سے بروقت استفادہ حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے کہا کہ معذور افراد کی بروقت تشخیص اور سرکاری تصدیق انہیں حکومتی مراعات، مالی امداد اور علاج معالجے تک رسائی میں مدد فراہم کرتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز سخی نے کہا کہ رجسٹریشن کا تمام عمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جا رہا ہے اور کسی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ معذور افراد کی رجسٹریشن کمیٹی کے ماہانہ دو اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی بروقت رجسٹریشن ممکن بنائی جا سکے۔