تربت: ٹیچنگ ہسپتال میں شعبۂ چشم میں یاگ لیزر سروس کا باقاعدہ آغاز

تربت(گدروشیا پوائنٹ)ٹیچنگ ہسپتال نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے شعبۂ چشم میں جدید یاگ لیزر (YAG Laser) پروسیجر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جو ضلع کیچ اور مکران ڈویژن کے عوام کے لیے آنکھوں کے علاج میں ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ یاگ لیزر سروس کا افتتاح سربراہ شعبۂ چشم ڈاکٹر چاکر بلوچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی اور اسسٹنٹ کمشنر حنیف کاکڑ نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاح کے بعد یاگ لیزر کے ابتدائی پروسیجرز بھی کامیابی سے انجام دیے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر وحید بلیدی نے کہا کہ یاگ لیزر ٹیکنالوجی کی دستیابی سے مریضوں کو مقامی سطح پر بروقت، محفوظ اور مؤثر علاج کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر چاکر بلوچ نے بتایا کہ یہ جدید سہولت بالخصوص موتیے کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور دیگر امراضِ چشم کے علاج میں نہایت مفید ثابت ہوگی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ سہولت تربت ٹیچنگ ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جسے ضلع کیچ اور مکران کے عوام کے لیے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔