تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر غفار دشتی نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے کیچ اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے حوالے سے اسکول کے پرنسپل اکبر اسماعیل اور سینئر ٹیچر درمحمد کو اعتماد میں لیکر تفصیلی مشاورت کی۔ دورے کے موقع پر فیسٹیول انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ جس میں بتایا گیا کہ نئے سال کے پہلے ہفتے میں کیچ اسپورٹس فیسٹیول میں اسکولوں کی ٹیموں کو بھی باقاعدہ طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اسکولوں کی ٹیموں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے گراؤنڈ میں منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں فٹبال، کرکٹ، والی بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، چوکی سمیت دیگر علاقائی کھیل شامل ہوں گے۔ اسکولوں کے ان مقابلوں کی نگرانی اور سربراہی گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کے پرنسپل اکبر اسماعیل کریں گے۔ سیکرٹری التاز سخی نے بتایا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا گرینڈ افتتاح 5 دسمبر کو فٹبال اسٹیڈیم میں جبکہ سکولوں کے میچز کے شاندار گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں کیا جائے گا جس کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیچ اینڈ فٹنس فیسٹیول 2026 شاندار اور تاریخی نوعیت کا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کو بھی فیسٹیول میں شرکت کے بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے اور کھیل کود کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس سرگرمیاں نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس طرح کے فیسٹیول معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنتے ہیں۔

