تربت:آل بلوچستان مرحوم سہیل صالح ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ، ساچان مند بلو نے گدان اسپورٹس خضدار کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ناصر آباد کے ساچان گراؤنڈ میں جاری آل بلوچستان مرحوم سہیل صالح ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ساچان مند بلو اور گدان اسپورٹس خضدار کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ شائقین سے کھچا کھچ بھرے اس میچ میں کرکٹ کا سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گدان اسپورٹس خضدار کی ٹیم مقررہ اوورز میں 105 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ گدان اسپورٹس کے بلے باز ساچان مند بلو کے باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے، جنہوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کم اسکور تک محدود رکھا۔
106 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ساچان مند بلو کی ٹیم نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ تین وکٹیں گرنے کے باوجود ٹیم نے بہترین حکمت عملی کے تحت ہدف با آسانی حاصل کرلیا اور سات وکٹوں سے فتح اپنے نام کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی اور میچ کے اختتام پر فاتح ٹیم کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔واضح رہے کہ آل بلوچستان مرحوم فیصل صالح ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلوچستان بھر سے مجموعی طور پر 68 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ کمشنر خضدار ڈاکٹر طفیل احمد اور اسسٹنٹ کمشنر پشین محمد جان بلوچ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔