تربت (گدروشیا پوائنٹ) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے بورڈ آف اسٹڈیز کا نویں اجلاس شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر غلام جان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بی بی اے پروگرام کے نصاب کی تیاری اور تجدید کے ساتھ اختیاری مضامین سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی نظرثانی شدہ تعلیمی پالیسی کے تحت نصاب کی ازسرنو تشکیل پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ طلباء کو مارکیٹ کی جدید کاروباری ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور عصری مہارتوں سے لیس کیا جا سکے۔ ڈاکٹر غلام جان نے بورڈ کے اراکین کی تعمیری تجاویز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نظرثانی شدہ نصاب یونیورسٹی میں تعلیم اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز یونیورسٹی آف بلوچستان کے پروفیسر ڈاکٹر بینش ملک، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے شعبہ مینجمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ کے سربراہ ڈاکٹر عرفان صدیقی، فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد، گریجویٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم برکت، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تربت یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے تعلیمی و انتظامی اصلاحات پر بھی بات چیت کی گئی۔

