نوکنڈی: 20 چاغی کے نوجوان نیشنل ینگ لیڈرز کانفرنس میں شرکت کے لیے کراچی روانہ

نوکنڈی(گدروشیا پوائنٹ)ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) کی معاونت سے ضلع چاغی سے تعلق رکھنے والے 20 باصلاحیت نوجوانوں نے نیشنل سطح کی ینگ لیڈرز کانفرنس (YLC) میں شرکت کے لیے کراچی روانگی اختیار کی۔ یہ کانفرنس اسکول آف لیڈرشپ (SoL) کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہی ہے، جس کا باضابطہ آغاز پیر کو کراچی میں ہو چکا ہے۔ منتخب نوجوانوں میں 10 لڑکے اور 10 لڑکیاں شامل ہیں، جن کا انتخاب ینگ لیڈرز کانفرنس کی ٹیم نے مکمل طور پر میرٹ اور ایک سخت جانچ پڑتال کے عمل کے ذریعے کیا۔ یہ نوجوان ضلع چاغی کی مختلف کمیونیٹیز کی نمائندگی کرتے ہیں اور علاقے کے روشن مستقبل کی امید سمجھے جا رہے ہیں۔ کراچی روانگی سے قبل نوجوانوں نے ریکوڈک منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات ریکوڈک مائننگ کمپنی کے جنرل منیجر رائن مچل، سینئر مینجمنٹ اور کمیونٹی ریلیشنز ٹیم سے ہوئی۔ اس موقع پر جنرل منیجر نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ینگ لیڈرز کانفرنس محض ایک تقریب نہیں بلکہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کرنے، قیادت سیکھنے اور مستقبل کے اہداف متعین کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ چاغی کی ثقافت اور مثبت تشخص کے سفیر بن کر اعتماد کے ساتھ ملک بھر سے آنے والے نوجوانوں سے مکالمہ کریں اور اپنے تجربات شیئر کریں۔ بعد ازاں نوجوانوں نے ریکوڈک پراجیکٹ کے مختلف اہم حصوں بشمول جیالوجی کور شیڈ اور لیبارٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سینئر جیالوجسٹ حبیب الرحمٰن کبدانی نے ٹیتھیان بیلٹ، علاقائی جیالوجی اور ضلع چاغی میں موجود معدنی وسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو جیالوجیکل کورز، کور کٹنگ، گرائنڈنگ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق نمونوں کی تیاری کے مراحل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ نوجوانوں نے اس تعلیمی و معلوماتی دورے کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے آر ڈی ایم سی کا شکریہ ادا کیا۔ یہ اقدام ریکوڈک مائننگ کمپنی کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے عزم کا مظہر ہے، جس کی سفارش منصوبے کی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹیز (سی ڈی سیز) نے کی، جو سماجی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔