پنجگور: تین بینکوں میں ڈکیتی، 15 کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ لی گئی

پنجگور (گدروشیا پوائنٹ) پنجگور کے تین بینکوں مسلم کمرشل بینک ،حبیب بینک اور میزان بینک سے 15 کروڑ 55 لاکھ روپے لوٹ کر ملزمان صرف گاڑی سے فرار، ذرائع کے مطابق بلوچستان کے شہر پنجگور کے مرکزی شہر چتکان بازار میں واقع مسلم کمرشل بینک (MCB)، حبیب بینک لمیٹڈ اور میزان بینک سے مجموعی طور پر 15 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ لی گئی، جبکہ ملزمان واردات کے بعد ایک گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تاحال نہ کوئی گرفتاری عمل میں لائی جا سکی ہے اور نہ ہی ملزمان کی گاڑی برآمد ہو سکی ہے۔ پولیس اور بینک ذرائع کے مطابق ایم سی بی سے 4 کروڑ 82 لاکھ روپے، حبیب بینک سے 2 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد جبکہ میزان بینک سے 8 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹی گئی۔ تاہم الائیڈ بینک میں سکیورٹی گارڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور بینک کے شٹر فوری طور پر بند کر دیے۔ ڈکیتی کے دوران پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ساتھ ملزمان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں شدید فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ کا بھی استعمال کیا گیا۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار درا اور ایک شہری امان اللہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ سی ٹی ڈی کے تین اہلکار شعیب، ندیم اور شاکر علی زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی مکران کے آر او امام بخش بلوچ تعزیت سے واپس آ رہے تھے کہ اسی دوران وہ بھی فائرنگ کی زد میں آ گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ درجن کے قریب مسلح افراد ایک اور دو عدد 2700 ماڈل گاڑیوں میں سوار ہو کر اچانک چاروں بینکوں کے قریب پہنچے اور واردات انجام دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد بگٹی، میئر پنجگور شکیل احمد اور دیگر افسران فوری طور پر جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچ گئے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔