تربت: ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز سخی کی زیرِ صدارت معذور افراد کے لیے KUMAK پروگرام پر جامع میٹنگ

تربت(گدروشیا پوائنٹ)آج ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کیچ، امتیاز سخی کی زیرِ صدارت ایک اہم اور جامع میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں معذور افراد کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر منصور راز، سوشل ویلفیئر کے تمام تحصیل افسران، فیلڈ اسٹاف، متعلقہ نمائندگان اور معذور افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ کا مرکزی مقصد حکومت کے KUMAK پروگرام کے تحت معذور افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور انہیں پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا تھا۔ اس موقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی کہ معذور افراد کو اپنی تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر مکمل تعاون، رہنمائی اور سہولت فراہم کی جائے تاکہ رجسٹریشن، معلومات اور دیگر مراحل میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ فیلڈ اسٹاف اور تحصیل افسران معذور افراد کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں گے، گھر گھر اور یونین کونسل کی سطح پر KUMAK پروگرام کے بارے میں آگاہی دیں گے اور رجسٹریشن میں عملی مدد فراہم کریں گے تاکہ کوئی مستحق فرد محروم نہ رہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز سخی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم اور قابلِ احترام حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت اور سوشل ویلفیئر کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایمانداری، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ کام کریں تاکہ معذور افراد کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ، سہولیات کی فراہمی اور باعزت زندگی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔