کراچی: انجمن بزمِ محمودی کے زیرِ اہتمام جامع مسجد گلزارِ محمدی میں سالانہ دستار بندی پروگرام

کراچی (گدروشیا پوائنٹ) انجمن بزمِ محمودی کے زیرِ اہتمام سالانہ پروگرام بسلسلہ دستار بندی جامع مسجد گلزارِ محمدی، فقیر کالونی، کراچی میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز نمازِ مغرب کے بعد تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ محمد حسنین نے حاصل کی۔ اس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی سعادت ثابت علی نے حاصل کی۔پروگرام کے اس مرحلے میں بزم کے انتظامات، ضروریات، مقاصد اور کارکردگی پر اسٹیج سیکرٹری محمد عباس نے نہایت جامع گفتگو کیا۔ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ امان اللہ نے حاصل کی۔ اس کے بعد نعتِ شریف حافظ احمد نے پیش کی۔ بعد زاں فضلاء کرام کے بیانات کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں فارغ التحصیل طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا فضلاء کے بیانات کے بعد بلوچی زبان کے معروف نعت خواں چراغ کے بی اور مولانا کفایت اللہ کیفی نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ تقریب سے بانی انجمن امیر جمعیت علماء اسلام تربت حضرت مولانا غلام اللّٰہ رستم نقشبندی, سرپرستِ اعلیٰ مولانا سلیم اللّٰہ بیلدئی، مفتی عبد الباقی نور، مفتی سرفراز احمد،مفتی عبداللہ چغرزئی اور مفتی رحمت اللہ شاہ عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس ابھی سنہری موقع ہے، تمام علوم و فنون میں مہارت حاصل کریں۔ ہماری نظریں آپ پر اور امیدیں آپ سے قائم ہیں۔ آپ ہی ہمارا مستقبل ہیں۔ فراغت کے بعد اکابر علماء کی رہنمائی میں بصیرت کے ساتھ دین کی خدمت کریں۔ طلباء کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی ترغیب دی اور فرمایا کہ روزانہ کسی عالم دین کا بلوچی کلپ شیئر کرنا بھی دین کی خدمت ہے۔ امیر انجمن حافظ یحی نقشبندی نے امیر جے یو ائی تربت
حضرت مولانا غلام اللّٰہ رستم نقشبندی دُرزادہ، امیر جے یو آئی ضلع گوادر مفتی رحمت اللہ شاہ عباسی، مولانا کفایت اللہ کیفی، مفتی عبد الباقی نور، مفتی سرفراز، مولانا سلیم اللّٰہ، مبلغ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مولانا احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے انعقاد میں مدد کرنے والے طلباء و رفقاء کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ دستار بندی کا عمل ہوا، جس میں حضرت مولانا غلام اللّٰہ رستم نقشبندی، مفتی رحمت اللہ، مفتی عبد الباقی نور، مفتی سرفراز احمد، مولانا سلیم اللّٰہ ، مولانا احمد شاہ، مفتی عادل فاروقی، مفتی ظُہیراحمد، مولانا فہیم، مولانا موسیٰ نے طلباء کی دستار بندی فرمائی اور انعامات تقسیم کیے۔ ضلع کیچ کے تعلق رکھنے والے کراچی کے مختلف دینی مدارس سے فارغ التحصیل طلباء کی تعداد 80 ہے۔ جن میں 9 متخصّصین کرام، 60 فضلاء کرام اور 11حفاظ کرام شامل ہیں۔ آخر میں انہوں نے انجمن کی کامیابی پر امیر انجمن کو مبارکباد پیش کی اور مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی دُرزادہ کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض حافظ محمد عباس نقشبندی درزادہ، حفاظ محمد حنظلہ نعمانی، اور حافظ بلال احمد نے سر انجام دیے۔