تربت(گدروشیا پوائنٹ) بلیدہ کے علاقے بٹ کے پی ٹی سی ایل صارفین نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیدہ میں پی ٹی سی ایل حکام اور متعلقہ اہلکاروں کی ناقص کارکردگی اور محکمہ کی غلط پالیسیوں کے باعث تحصیل بلیدہ کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کی مسلسل بندش کے باعث طلبہ و طالبات کی آن لائن تعلیم و تحقیقی سرگرمیاں، آن لائن کاروبار اور ہنگامی حالات میں رابطہ کاری شدید متاثر ہو رہی ہے، جو ایک پسماندہ علاقے کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پی ٹی سی ایل کے مقامی اہلکاروں سے بارہا شکایات کر چکے ہیں تاہم تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی علاقے کے ایک وفد نے پی ٹی سی ایل کے ذمہ داران سے ملاقات کی، مگر نہ تو ان کے مسائل سنے گئے اور نہ ہی کوئی تسلی بخش جواب دیا گیا، جو نہایت افسوسناک امر ہے۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ تمام صارفین باقاعدگی سے بل ادا کر رہے ہیں اور کوئی بھی نادہندہ نہیں، اس کے باوجود حکومت اور متعلقہ حکام عوامی مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انٹرنیٹ نظام کی بہتری کے لیے 2800 میٹر کیبل بچھانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود یہ کام اس بہانے سے التوا کا شکار ہے کہ دستیاب کیبل صرف 1100 میٹر تک ہی استعمال ہو سکی، جو ناکافی اور ناکامی کا ثبوت ہے۔ صارفین نے کہا کہ اگر پی ٹی سی ایل سروس اور انٹرنیٹ نظام کو فوری طور پر بحال اور درست نہ کیا گیا تو وہ دیگر صارفین کے ساتھ مل کر قانونی اور جمہوری حق کے تحت احتجاج، روڈ بلاک اور عدالتی کارروائی پر مجبور ہوں گے۔

