تربت: پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، اشیائے خوردونوش کے نرخ مقرر

تربت (گدروشیا پوائنٹ) تربت میں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزہی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں شہر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی تربت شیعب ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس فہد رحیم، انچارج پرائس کنٹرول کمیٹی نیاز احمد، انجمنِ تاجران کے نمائندگان، مچھلی فروشوں کے نمائندہ رحمت سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی اجلاس کے دوران باہمی مشاورت سے مرغی، سبزی، روٹی، راشن اور مچھلی سمیت مختلف اشیائے ضروریہ کے نرخ طے کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزہی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری طور پر جاری کردہ پرائس لسٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ پرائس کنٹرول ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو ریلیف فراہم ہو۔