تربت: ڈیلٹا اسکول کے طلبہ وطالبات نے بلوچستان اکیڈمی کا مطالعاتی دورہ کیا

تربت(گدروشیا پوائنٹ)معروف تعلیمی ادارے ڈیلٹا اسکول کے طلبہ وطالبات نے وائس پرنسپل اور اساتذہ کی نگرانی میں دو الگ الگ وفود کی شکل میں بلوچستان اکیڈمی کا مطالعاتی دورہ کیا۔ بلوچستان اکیڈمی آمد پر چیئرمین بلوچستان اکیڈمی تربت ڈاکٹر غفور شاد اور وائس چیئرمین فضل بلوچ نے طلبہ وطالبات کے وفود کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر غفور شاد نے طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی ہم سب کی مشترکہ میراث ہے اور اس کی بنیاد 35 سال قبل رکھی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کا قیام زبان، ادب اور ثقافت کی ترقی و ترویج کے لیے کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر غفور شاد نے طلبہ و طالبات کو علم کے حصول کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ آپ ایک انگلش میڈیم ادارے سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے آپ اپنے علمی علم کو مادری زبان میں منتقل کرکے سائنس، تاریخ اور دیگر علوم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر وائس پرنسپل میڈم زلیخہ اور دیگر اساتذہ نے اکیڈمی کے ذمہ داران کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔