تربت:انسانی حقوق کا عالمی دن، ایچ آر سی پی مکران ریجنل آفس تربت میں پروفیسر غنی پرواز کی قیادت میں تقریب منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ)انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایچ آر سی پی مکران ریجنل آفس تربت میں تقریب منعقد ہوئی جس میں انسانی حقوق کیلئے سرگرم خواتین اور مرد کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ آر سی پی کے ریجنل کوآرڈینیٹر پروفیسر غنی پرواز نے عالمی دن کی تاریخ اور اہم پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن دوسری عالمی جنگ کے بعد “عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق” کی منظوری کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 دسمبر 1948 کو منظور ہونے والا یہ منشور دنیا بھر کی ریاستوں کے لیے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری طے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی، مساوات اور انصاف اسی وقت ممکن ہے جب ریاستیں شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شہری آزادیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے جبکہ بلوچستان میں صورتحال زیادہ تشویشناک ہے، جہاں لوگوں کی جان و مال کا تحفظ، آزادیٔ اظہار اور بنیادی انسانی حقوق سنگین خطرات سے دوچار ہیں۔
ایچ آر سی پی کے کارکنان خان محمد جان گچکی، الطاف بلوچ، ماسٹر غنی بلوچ اور محمد کریم گچکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں ریاستی سرپرستی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بڑی تعداد میں بلوچ نوجوان مرد و خواتین بغیر کسی الزام یا مقدمے کے حراست میں ہیں اور اہلِخانہ کو ان کے بارے میں بنیادی معلومات تک نہیں دی جاتیں۔مقررین نے یہ بھی کہا کہ معاشرے کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ہمارے آس پاس موجود کمزور طبقے، بچے اور بچیاں بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم کیے جا رہے ہیں۔ تقریب کی نظامت سَنیا بلوچ نے انجام دی۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر غنی پرواز کی قیادت میں شرکاء نے انسانی حقوق کے تحفظ، بحالی اور فروغ کے لیے علامتی احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔