تربت (گدروشیا پوائنٹ) معروف سماجی شخصیت اور سابق ڈائریکٹر کلچر بلوچستان واجہ عبداللہ بلوچ نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اسکول کے پرنسپل اکبر اسماعیل اور اساتذہ سے ملاقات کی اور اپنے زمانۂ طالبِ علمی سے متعلق دلچسپ اور معلوماتی گفتگو کی۔واجہ عبداللہ بلوچ نے اپنی تعلیمی زندگی کے حالات، اساتذہ کی تربیت، اُس زمانے کے تعلیمی ماحول اور اسکول کی روایات کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے اسکول میں گزرے ہوئے اپنے تعلیمی سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ہائی اسکول نے ان کی شخصیت سازی میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر پرنسپل نے اعلان کیا کہ واجہ عبداللہ بلوچ کی فراہم کردہ تفصیلی معلومات اور یادداشتیں ’’بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت‘‘ کے خصوصی کتابچے میں شامل کی جائیں گی تاکہ طلبہ اور عوام اسکول کی تاریخ اور ممتاز سابق طلبہ کے کردار سے آگاہ ہوسکیں۔
اسکول کے پرنسپل اکبر اسماعیل نے واجہ عبداللہ بلوچ کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد نے اسکول کی روایتوں اور تاریخ کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فراہم کردہ معلومات آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گی۔
دورے کے اختتام پر پرنسپل نے انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی تعلیم اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

