تربت: سماجی کارکن وسیم سفر نے عالمی انسانی حقوق کے دن کے موقع پر اہم پریس کانفرنس

تربت(گدروشیا پوائنٹ)پریس کلب میں سماجی کارکن وسیم سفر نے عالمی انسانی حقوق کے دن کے موقع پر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ایک تشویشناک سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، خواتین کی گرفتاری، ہراسانی، معاشی پابندیاں اور سیاسی کارکنوں پر جھوٹے مقدمات نے شہریوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ وسیم سفر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں کا ملنا، اجتماعی قبروں کی دریافت اور غیر قانونی حراستیں انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والے واقعات ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے شہریوں کی بنیادی آزادیوں، اظہارِ رائے اور سیاسی جدوجہد پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بھی اس جبر کا براہِ راست نشانہ بن رہی ہیں، جنہیں گرفتار کیا جا رہا ہے، واچ لسٹ میں نام شامل کیے جا رہے ہیں اور گھر گھر چھاپوں کے دوران بے حرمتی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ وسیم سفر نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے، فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دیا جائے، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ انسانی وقار، انصاف، آزادی اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔