پسنی(گدروشیا پوائنٹ)شہریوں کی جانب سے گندگی، کچرے کے ڈھیروں اور نکاسی آب کے مسائل کی شکایات موصول ہونے کے بعد میونسپل کمیٹی پسنی نے شہر کے مختلف علاقوں میں جامع صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد شہر میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانا، ماحول کو صحت مند بنانا اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نور احمد کلمت اور چیف آفیسر عادل بشیر نے صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں، جس کے تحت عملے کو اضافی ڈیوٹیاں اور آلات فراہم کیے گئے ۔میونسپل کمیٹی کے عملے نے آج پسنی کے مختلف علاقوں جس میں مرکزی بازار، رہائشی محلّے، بس اسٹاپ کے اطراف اور شاہراہیں شامل ہیں میں کچرا اٹھانے، جھاڑو دینے اور گندگی صاف کرنے کا عمل مکمل کیا۔ کچرا مقررہ مقامات تک منتقل کیا گیا جبکہ گھر گھر جمع ہونے والے فضلے کے نظام کو بھی مؤثر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد صفائی مہم اس تیزی کے ساتھ دیکھنے میں آئی ہے۔ مقامی لوگ اس اقدام کو شہر کی بہتری کا آغاز قرار دے رہے ہیں۔

