گوادر(گدروشیا پوائنٹ) 67واں گوادر ڈے قومی جذبے، اتحاد اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن 8 دسمبر 1958 کو سلطنتِ عمان کے 174 ویں سالہ دور کے کے بعد گوادر کے پاکستان سے الحاق کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل حبیب نواز، جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) 44 ڈویژن تھے۔ تقریب کا آغاز پی این ایس اکرم میں دِیمی زر فلیگ پوسٹ پر پروقار پرچم کشائی سے ہوا، جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ مہمانانِ گرامی نے قومی پرچم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پرچم کشائی تقریب میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول اداروں (کے اعلیٰ افسران اور معززینِ شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن، اسٹیشن کمانڈر پاکستان آرمی 440 بریگیڈ، ڈپٹی کمشنر گوادر سمیت دیگر عسکری و سول افسران شامل تھے۔ بعد ازاں گوادر پورٹ پر مقامی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز اسکول شمبے اسماعیل اور بحریہ ماڈل اسکول گوادر کے طلبہ نے بحری جہاز کا دورہ کیا۔ گوادر کا پاکستان سے الحاق پاک بحریہ کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ لیفٹیننٹ افتخار احمد سروہی جو بعد ازاں نیول چیف اور چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بھی رہے کی قیادت میں پاک بحریہ کے دستے نے پہلی مرتبہ گوادر میں قومی پرچم لہرایا تھا۔

