پسنی: گوادر سے آنے والی ایمبولینس حادثے کے بعد جھوٹی ویڈیو وائرل، PWDO نے سخت مذمت کر دی

پسنی(گدروشیا پوائنٹ)پاک اومان اسپتال کی ایمبولینس گزشتہ رات گوادر سے پسنی جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کے فوری بعد ایک شخص نے واقعے سے متعلق جھوٹی اور گمراہ کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی، جس کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا بتایا جا رہا ہے. پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بلوچستان نے اس ویڈیو کو “من گھڑت، غیر ذمہ دارانہ اور مجرمانہ عمل” قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تنظیم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ حادثات جیسے حساس معاملات پر غلط معلومات پھیلانا معاشرتی فساد کی کوشش ہے اور اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، ڈپٹی کمشنر گوادر اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کوئی فرد حادثات یا اداروں کے بارے میں جھوٹ پر مبنی مواد شیئر کرنے کی جرأت نہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹی ویڈیو پھیلانا نہ صرف قابلِ سزا سائبر کرائم ہے بلکہ قومی اداروں کی ساکھ اور عوامی اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔