تربت (گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ میں اسپورٹس اور فٹنس کی تاریخ کا سب سے بڑا فیسٹیول شروع ہونے والا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیرِ صدارت فیسٹیول کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجموعی انتظامات اور تکنیکی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ, فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی, کمیٹی ممبران غلام اعظم دشتی, عومر ہوت سمیت مختلف کھیلوں کے منیجرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس سال فیسٹیول میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر تربت کی تاریخ کی پہلی میراتھن ریس منعقد کی جائے گی، جس میں نوجوان، بزرگ، سرکاری و نجی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد اور مختلف مکاتب فکر کے لوگ بھرپور شرکت کریں گے۔ مزید بتایا گیا کہ فیسٹیول میں چمن، زاہدان، کراچی اور دیگر شہروں کی خصوصی ٹیمیں بھی تربت پہنچیں گی، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور مقابلے کا معیار مزید بلند ہوگا۔ تمام کھیلوں کے منیجرز نے اپنا مکمل پیپر ورک کمیٹی کے سامنے پیش کیا، جبکہ انتظامات مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیے گئے۔ کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی کے پیشِ نظر اسپورٹس گراؤنڈز کی تزئین و آرائش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو تمام سہولیات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے تمام اداروں اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کی کامیابی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی کے ساتھ ادا کریں

