تربت(گدروشیا پوائنٹ) ایس پی کیچ زوہیب محسن کی ہدایت پر تربت پولیس نے غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین اور سات کمسن بچوں سمیت 13 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ تمام افراد بغیر کسی قانونی دستاویز کے تربت سے ایران اور وہاں سے آگے یورپ جانے کی کوشش میں تھے۔ ایس پی کیچ کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کی اور تمام افراد کو حراست میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افغان باشندوں کو ابتدائی تفتیش، شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا تاکہ ان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ایس پی نے بتایا کہ غیر ملکیوں کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے شہر اور مضافات میں چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ پولیس نے کل 6 دسمبر کو بھی ایک بڑی کارروائی کے دوران 26 غیر ملکی افراد کو گرفتار کرکے ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مسلسل اقدامات جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

