پسنی ( گدروشیا پوائنٹ)ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے تحصیل پسنی کے دور دراز دیہی علاقے کلانچ میں علاج معالجے کے لیے درکار بنیادی سہولیات کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے لیے ایک ایمبولینس فراہم کر دی ہے۔ اس اقدام کو علاقے کے باسیوں کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔ طویل عرصے سے کلانچ کے عوام ایمرجنسی کی صورتِ حال میں مریضوں کو گوادر اور تربت کے ہسپتالوں تک منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے، اور محدود آمدورفت کے ذرائع کی وجہ سے کئی بار مریضوں کی جان خطرے میں پڑ جاتی تھی۔ اب نئی ایمبولینس کی بدولت علاقے کے رہائشیوں کو فوری اور محفوظ طریقے سے ہسپتالوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی، جس سے قیمتی جانیں بچانے اور علاج کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ علاقے کے عوام نے اس اقدام پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے کلانچ کی ایک دیرینہ ضرورت قرار دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا”عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں تحصیل پسنی کے دیہی علاقوں میں موجود تمام بنیادی مراکز صحت (BHU) کے لیے بھی ایک ایک ایمبولینس فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی.

