تربت(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول، تربت میں پرنسپل اکبر اسماعیل کی صدارت میں میڈیا لیٹریسی کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی۔ ورکشاپ میں اسکول کے سینئر اساتذہ کرام جناب شہزاد احمد، شاہنواز، محمد عثمان ، جمشیر احمد، امان اکبر نے شرکت کرکے شرکاء کو آگاہی دی ، جبکہ پرنسپل اکبر اسماعیل نے صدارت کی۔ ورکشاپ کا مقصد طلباء اور اساتذہ کو میڈیا کے مختلف پہلوؤں اور میڈیا کی بامقصد سمجھ بوجھ فراہم کرنا تھا۔ پرنسپل اکبر اسماعیل نے میڈیا کی اہمیت، اس کے اثرات، اور میڈیا کا صحیح استعمال کرنے کے طریقوں پر مفصل بریفنگ دی۔ اس موقع پر ماڈل ہائی اسکول تربت کے معروف ماہر تعلیم اور پی ایچ ڈی اسکالر نذیر احمد نے موڈریٹر کی ذمہ داری بخوبی سنبھالی اور ورکشاپ کو موضوع کے مطابق مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔ ورکشاپ کے دوران میڈیا کی مختلف اقسام، خبروں کی تصدیق، جعلی خبروں کی پہچان، اور ذمہ دارانہ میڈیا استعمال کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ طلباء مستقبل میں معلومات کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں اور میڈیا کے صحیح استعمال کے لیے شعور حاصل کر سکیں۔ یہ ورکشاپ نہایت تعمیری اور معلوماتی رہی جس میں اسکول کے طلباء اوراساتذہ کرام مستفید ہوئے۔

