اورماڑہ (گدروشیا پوائنٹ) پاکستان آرمی اورماڑہ کے کرنل جاوید علی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ڈی ای او) اورماڑہ محمد حنیف نے آج اورماڑہ کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، تعمیرات اور بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اسلامیہ لین، گرلز مڈل اسکول پنجگ، بوائز پرائمری اسکول کنٹگی لین اور گرلز پرائمری اسکول کنٹگی لین میں جاری مرمت و تعمیر کے کاموں کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر گرلز مڈل اسکول پنجگ اور کنٹگی لین کے بوائز و گرلز پرائمری اسکولز میں واش روم بلاک اور واٹر ٹینک کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے گرلز انٹر کالج اورماڑہ کی مکمل مگر نان فنکشنل بلڈنگ اور زیر تعمیر لیکچررز رہائشی بلاک کا دورہ بھی کیا۔ ذمہ داران نے آگاہ کیا کہ گرلز انٹر کالج کی عمارت چار دیواری نہ ہونے کے باعث غیر محفوظ ہے۔ کرنل جاوید علی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ
“گرلز انٹر کالج اورماڑہ کی چار دیواری کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، اور کالج کو جلد از جلد طالبات کے لیے فعال بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ دورے کے دوران کرنل جاوید علی اور ڈی ڈی ای او محمد حنیف نے بوائز و گرلز پرائمری کنٹگی لین اور گرلز مڈل پنجگ کے انچارج اساتذہ سے بھی ملاقات کی، جہاں انہوں نے اسکولوں کے دیگر مسائل اور ضروریات معلوم کیں۔ اساتذہ نے عمارتوں کی خستہ حالت اور پرانی کلاس رومز کی مرمت کی درخواست کی، جس پر کرنل جاوید علی نے جلد کلاس رومز کی مرمت کے آغاز کی یقین دہانی کرائی۔ مقامی سطح پر اس دورے کو تعلیم کے فروغ اور اسکولوں کی بہتری کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

