کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ)جامعہ بلوچستان میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ “ماحولیاتی مالی معاونت کے حصول کے لیے منصوبہ سازی, بلوچستان میں آبی سلامتی کے تناظر میں مربوط آبی وسائل کا انتظام، ماڈیول III” کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ کا انعقاد فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر نے یورپی یونین کے تعاون سے کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی تھے، جنہوں نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا۔ ورکشاپ میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد شریف حسنی، ڈاکٹر محمد عرفان، اور محمد اختر نورالامین کاکڑ نے بھی شرکت کی۔ اس پروگرام میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ حکومت بلوچستان کے محکموں کے افسران نے بھی حصہ لیا۔ وائس چانسلر نے اختتامی خطاب میں کہا کہ بلوچستان کو موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی کمی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے جدید تحقیق اور عملی تربیت ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جامعہ بلوچستان مستقبل میں بھی ماحولیاتی استحکام اور آبی سلامتی سے متعلق تربیتی پروگرام جاری رکھے گی۔

