گوادر(گدروشیا پوائنٹ) گوادر یونیورسٹی کے شعبہِ کامرس کے طلباء و طالبات نے گوادر پورٹ، نارتھ فری زون اور چائنا بزنس سینٹر (CBC) کا مطالعاتی دورہ کیا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں چیرمین پورٹ سیکرٹریٹ کے کانفرنس روم میں نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی ہدایت پر جی پی اے کے فنانس آفیسر عبدالمالک واڈو نے دورہ کرایا۔ مطالعاتی دورے کا مقصد طلباء کو گوادر پورٹ کے آپریشنز، تجارتی سرگرمیوں، فری زون کی معاشی اہمیت اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے زیرِ سایہ جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرنا تھا۔ طلباء کو پورٹ مینجمنٹ، حفاظتی نظام، کاروباری مواقع اور خطے میں معاشی سرگرمیوں کے مستقبل سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ گوادر پورٹ کے دورے میں طالب علموں اور تین فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے چیرمین گوادر گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ ان کے لیے نہایت معلوماتی اور مفید ثابت ہوا اور انہیں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کی عملی فہم حاصل ہوئی۔

