تربت (گدروشیا پوائنٹ) لاپتہ ادیب اور سوشیالوجی میں ماسٹر ساجد احمد کی بازیابی کیلے اہلخانہ نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکے بھائی شاہد احمد بلوچ اور دیگر اہلخانہ نے کہا کہ ساجد احمد ولد احمد سکنہ شاہی تمپ تربت 30 نومبر سے لاپتہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ساجد مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں اور اسلامک یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں ماسٹر بھی کیا ہے۔ چار دن گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ اہلخانہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور جعلی خبریں چلائی گئی ہیں کہ ساجد کے قبضے سے بارود برآمد ہوا ہےجو مکمل طور پر جھوٹ اور گمراہ کن ہے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ سے اپیل کی کہ ساجد احمد کی فوری بازیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں بحفاظت بازیاب نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں

