تربت:ضلع کونسل کیچ میں نئے رومز، سولر سسٹم اور اسمبلی ہال کی مرمت مکمل؛ چیئرمین میر ہوتمان بلوچ نے افتتاح کردیا، وائس چیئرمین میر باہڑ جمیل دشتی و دیگر موجود تھے

تربت (گدروشیا پوائنٹ) ضلع کونسل کیچ کے سرکٹ ہاؤس میں اضافی کمروں کی تعمیر، سولر سسٹم کی تنصیب اور ضلع کونسل کی اسمبلی ہال کی مرمت مکمل ہونے کے بعد افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ ضلعی چیئرمین میر ہوتمان بلوچ نے نئے تعمیراتی کاموں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈپٹی چیئرمین باہڑ جمیل دشتی، چیف آفیسر سعید احمد بلوچ، چیئرمین کے پی اے حمل بلوچ، یوسی چیئرمین ندیم شمبئے زئی، یوسی چیئرمین منیر زامرانی،بیوسی چیئرمین میر جاسم بلوچ سمیت دیگر یوسی چیئرمین اور ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی چیئرمین میر ہوتمان بلوچ اور ڈپٹی چیئرمین باہڑ جمیل دشتی نے کہا کہ ضلع کونسل کیچ محدود بجٹ کے باوجود معیاری، پائیدار اور قابلِ اعتماد ترقیاتی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کا ہال پہلے اسمبلی جیسا نہیں لگتا تھا جبکہ یہاں عوام کے ووٹ لے کر آنے والے نمائندوں کا اجلاس ہوتا ہے اس لیے اسے باوقار اور پروٹوکول کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ چیئرمین میر ہوتمان بلوچ نے مزید بتایا کہ سرکٹ ہاؤس کے ریسٹ ہاؤس میں کمرے کم تھے جس کی وجہ سے مہمانوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔ اب کم بجٹ میں اعلیٰ معیار کے نئے کمروں کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے جو نہ صرف مہمانوں کی رہائش کیلئے بہتر سہولت فراہم کریں گے بلکہ ضلع کونسل کے ریونیو میں اضافے کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی کی بچت اور ادارے کے اخراجات میں کمی ہوگی جبکہ اسمبلی ہال کی تزئین و آرائش سے عوامی نمائندوں کے اجلاس پہلے سے زیادہ باوقار ماحول میں منعقد ہوں گے۔