تربت: مرحوم درمحمد کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کا شاندار فائنل، کیساک ٹیم فاتح

تربت(گدروشیا پوائنٹ)مرحوم درمحمد کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کے شاندار فائنل میچ میں کیساک کرکٹ ٹیم اور شاپک چیلنجرز کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا، جسے شائقین کرکٹ نے بے حد پسند کیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیساک کی ٹیم نے شاپک چیلنجرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر حمید تھے، جنہوں نے اپنی خصوصی شرکت سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ ڈاکٹر حمید نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر حمید نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور معاشرے میں صحت مند مقابلے کا رجحان پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی صحت، ٹیم ورک اور نظم و ضبط کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے 50,000 روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا، جس پر منتظمین اور کھلاڑیوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اختتام پر ڈاکٹر حمید نے تمام کھلاڑیوں، آرگنائزرز، ایمپائرز اور شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کام ہوتا رہے گا۔