تربت(گدروشیا پوائنٹ)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ اور مظاہرین کے درمیان ڈپٹی کمشنر آفس میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ایم 8 شاہراہ پر دو روز سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا اور ٹریفک بحال ہوگئی۔ اس موقع پر ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین میر ہوتمان بلوچ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سے مزاکرات سے پہلے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی اور میجر سلام بلوچ نے ہوشاپ میں مظاہرین سے بات چیت کی، جس کے بعد نمائندہ وفد کو تربت لا کر ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ سے ملاقات کرائی گئی۔ وفد نے اپنے مطالبات پیش کیے جن کے حل کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کردیا گیا۔ دھرنے کے باعث ایم 8 شاہراہ بند ہونے سے مسافروں اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تاہم دھرنا ختم ہونے کے بعد معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔واضح رہے ہوشاپ میں گولہ حملہ سے تین بچیاں زخمی اور ایک جاں بحق ہوگئی تھی۔ آبادی کی طرف حملوں کا سلسلہ روکنے کے خلاف دھرنا دیا گیا تھا۔

