پسنی: نوجوان استاد محمد دانش کو عالمی تعلیمی ادارے TalentHut TESOL Academy کی جانب سے TESOL Bronze Trainee Badge سے نوازا گیا

پسنی(گدروشیا پوائنٹ)نوجوان استاد محمد دانش کو عالمی سطح پر بڑا اعزاز. بین الاقوامی تدریسی میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے پسنی سے تعلق رکھنے والے نوجوان استاد محمد دانش نے ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کر لی۔ عالمی تعلیمی ادارے TalentHut TESOL Academy نے انہیں انگریزی زبان کی تدریس میں نمایاں کارکردگی، مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ ترقی کے غیر معمولی جذبے کے اعتراف میں TESOL Bronze Trainee Badge سے نوازا ہے۔یہ اعزاز ان اساتذہ کو دیا جاتا ہے جو کم از کم پانچ بین الاقوامی آن لائن تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرتے ہیں۔ اس بیج کا حصول نہ صرف محمد دانش کی محنت کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان، خصوصاً بلوچستان کے تعلیمی منظرنامے کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ہے۔ TalentHut TESOL Academy کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ ایسے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو سیکھنے اور سکھانے کے عمل میں مسلسل مصروف رہتے ہیں اور عالمی سطح پر طلبہ کے لیے رول ماڈل کے طور پر ابھرتے ہیں۔محمد دانش کی اس کامیابی پر ان کے ساتھی اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی حلقوں نے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا یہ انتخاب ضلع گوادر، تحصیل پسنی اور بلوچستان کے لیے ایک نمایاں اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مذکورہ عالمی ادارہ منتخب اساتذہ کو مختلف ممالک میں تربیتی سیشنز منعقد کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔واضح رہے کہ محمد دانش ایک حاضر سروس استاد ہیں اور اس وقت شہید بے نظیر یونیورسٹی لیاری کراچی میں ایم فل کے طالب علم ہیں۔
یقیناً ان کی یہ کامیابی پاکستان کے تعلیمی نظام کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ محمد دانش جیسے باصلاحیت نوجوان استاد مستقبل میں بھی عالمی سطح پر ملک کا نام مزید روشن کرتے رہیں گے۔