تربت: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے رنگِ بلوچستان آرٹ نمائش کا افتتاح کیا، فنکاروں کے کام کو سراہا

تربت (گدروشیا پوائنٹ) مکران آرٹ پروموٹرز بلوچستان کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کے ہال میں رنگِ بلوچستان کے عنوان سے ایک روزہ مصوری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ جس نے بلوچستان کی ثقافت، ماحول، تاریخ اور فنکارانہ رنگوں کو خوبصورت انداز میں نمایاں کیا۔ نمائش میں بلیدہ ضلع کیچ کے سینئر آرٹسٹ شریف قاضی اور ضلع پنجگور کے معروف آرٹسٹ و کالج کے پروفیسر حفیظ گوہرجی کے فن پارے شامل تھے جنہیں خصوصی طور پر اس تقریب کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ان فن پاروں نے بلوچستان کی سرزمین، معاشرت، احساسات، فطری مناظر اور ثقافتی پہچان کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔

افتتاحی تقریب کا آغاز سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور تربت سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر مکران کے کالجز کے ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر سر برکت اسماعیل اور اسسٹنٹ ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر شریف شمبے زئی بھی موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے نمائش میں رکھے گئے آرٹ کو بغور دیکھا، آرٹسٹس کے کام کو سراہا اور بلوچستان میں فن و ثقافت کے فروغ کو خوش آئند قرار دیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ بلوچستان کی سرزمین ہمیشہ سے ہنر اور قوتِ تخلیق سے مالامال رہی ہے اور اس نمائش نے اس حقیقت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے۔ انہوں نے ایم پی اے فنڈز کے ذریعے مکران آرٹ پروموٹرز بلوچستان کو 25 لاکھ روپے کا علان کیا تاکہ مزید اس نوعیت کی تقریبات کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔ نمائش میں گرلز کالج اور ڈیلٹا اسکول کی متعدد طالبات نے بھی شرکت کی اور میڈیا نمائندوں سے اپنے اظہار خیال کیا۔ طالبات نے مختلف فن پاروں کا قریب سے مشاہدہ کیا مصوری کی تکنیک، رنگوں کے استعمال اور visual storytelling کے بارے میں آرٹسٹ سے معلومات لیکر اپنی فہم میں اضافہ کیا۔ سر برکت اسماعیل بلوچ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ یہ نمائش نہ صرف تفریح اور جمالیاتی ذوق کی تسکین کا ذریعہ ثابت ہوتی ہے بلکہ نوجوان نسل کے لیے آرٹ کی اہمیت اورفنونِ لطیفہ سے آگاہی اور سیکھنے کا ایک عملی موقع بھی فراہم کر گئی ہے۔ یہ آرٹ نمائش شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ جبکہ منتظمین کی جانب سے مستقبل میں مکران کے مختلف شہروں میں بھی ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کا عندیہ دیا۔