تربت(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کیچ کے اشتراک سے ایک روزہ اسپورٹس فیسٹیول نہایت جوش و جذبے سے منعقد ہوا۔ فیسٹیول میں کالج کی مختلف کلاسوں سے تعلق رکھنے والی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فٹبال، کرکٹ، رسہ کشی، کرسی راؤنڈ سمیت دیگر کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ طالبات کے ولولہ انگیز کھیل سے گراؤنڈ میں جوش اور زندگی کا احساس نمایاں تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق گورننگ بورڈکے ممبر اور کیچ کے معروف اسپورٹس شخصیت شاہ دوست دشتی تھے جنہوں نے فیتا کاٹ کر فیسٹیول کا رسمی آغاز کیا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل گل جان خالد، وائس پرنسپل ہما اکبر بلوچ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کیچ عبدالغفار دشتی، ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ ضلع کیچ کے کوآرڈینیٹر عدنان بلوچ، سماجی شخصیت اور پروفیسر گلاب احمد بھی پروگرام میں شریک تھے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی شاہ دوست دشتی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیل انسانی کردار کی تعمیر کرتے ہیں ٹیم ورک اور خود اعتمادی کو بڑھاتے ہیں اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے خواتین میں اسپورٹس کے فروغ کے لیے کالج انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور اعزازی شیلڈز تقسیم کیں جس سے طالبات کی حوصلہ افزائی ہوئی اور اُن کے چہروں پر مسکراہٹ اور فخر جھلکتا رہا۔
پرنسپل گل جان خالد بلوچ اور وائس پرنسپل ہما اکبر بلوچ نے اس موقع پر تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کالج انتظامیہ کی کوشش ہے کہ کالج کی طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں تاکہ تربت کی بچیاں تعلیم کے ساتھ جسمانی و ذہنی طور پر بھی پُراعتماد اور مضبوط شخصیت کی مالک بن سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کا مقصد طالبات میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، کھیلوں کے ذریعے اُن کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور خواتین کے لیے کھیلوں کے میدان میں مزید مواقع پیدا کرنا تھا۔ اسپورٹس سرگرمیاں نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتی ہیں بلکہ ذہنی نشوونما اور مثبت شخصیت کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس موقع پر آرٹسٹ شریف قاضی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ایک خوبصورت پینٹنگ تحفے میں پیش کی۔

