گوادر(گدروشیا پوائنٹ)معروف سیاسی و سماجی رہنماء میر فدا حکیم رند نے نئے تعینات ہونے والے ایس ایس پی گوادر عطاالرحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں چارج سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران میر فدا حکیم رند نے گوادر میں امن و امان، جرائم کی روک تھام، منشیات کی لعنت، اور نوجوانوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایس ایس پی عطاالرحمن کی قیادت میں گوادر میں امن و استحکام کو مزید فروغ ملے گا۔ میر فدا حکیم رند نے کہا کہ گوادر ایک حساس اور اہم شہر ہے، یہاں کے عوام کو امن، انصاف اور تحفظ کی فراہمی میں پولیس کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کے اعتماد کو بحال رکھنے کیلئے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے پر زور دیا۔ایس ایس پی عطاءلرحمن خان ترین نے میر فدا حکیم رند کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں امن و امان قائم رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

