تربت (گدروشیا پوائنٹ) تربت ٹیچنگ ہسپتال میں مکران ڈویژن میں پہلی بار کیلشیم سکورنگ ٹیسٹ کی سہولت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ایم ایس تربت ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی اور معروف سماجی رہنما خلیل احمد تگرانی شریک ہوئے۔تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی نے بتایا کہ یہ سہولت وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت اور اسپیشل سیکرٹری صحت کی خصوصی توجہ اور ہدایات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اسے مکران اور بلوچستان کے عوام کیلئے ایک بڑی طبی پیشرفت قرار دیا۔ڈاکٹر بلیدی کے مطابق کیلشیم سکورنگ ٹیسٹ ایک جدید احتیاطی معائنہ ہے جو سی ٹی اسکین کے ذریعے دل کی شریانوں (Coronary Arteries) میں جمع کیلشیم کی مقدار جانچنے کیلئے کیا جاتا ہے۔ اس سے شریانوں میں تنگی یا بلاکیج کے خدشے کا اندازہ لگا کر مستقبل میں دل کے دورے کے خطرے سے بروقت آگاہی ملتی ہے، جو سنگین امراضِ قلب سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹیسٹ ہر مریض کیلئے نہیں بلکہ اُن افراد کیلئے تجویز کیا جاتا ہے جن کی عمر 40 سال سے زائد ہو، جن کے خاندان میں امراضِ قلب کی تاریخ موجود ہو یا جنہیں سینے میں درد کی علامات ہوں۔سینئر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر عطاء اللہ نے بتایا کہ کیلشیم سکورنگ ٹیسٹ صرف کارڈیالوجسٹ کی سفارش پر کروایا جاتا ہے اور اس کا مقصد صرف اُن مریضوں کی تشخیص میں مدد دینا ہے جو پہلے ہی دل کے مسائل کا سامنا کر رہے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں اس ٹیسٹ کی قیمت 30 سے 40 ہزار روپے تک ہے، تاہم تربت ٹیچنگ ہسپتال میں یہ سہولت عوام کو انتہائی کم نرخ پر فراہم کی جائے گی، جس سے خطے کے عوام کو بڑا مالی اور طبی فائدہ پہنچے گا۔اس جدید سہولت کے آغاز کے ساتھ ہی تربت اور مکران ڈویژن کے لوگوں کو امراضِ قلب کی بروقت تشخیص اور بہتر علاج تک رسائی کے نئے امکانات میسر آئیں گے، جس سے تربت ٹیچنگ ہسپتال جدید طبی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی صف میں شامل ہو گیا ہے۔

