تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے پاک-ایران سرحدی تجارت کی بحالی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ ان کے مطابق سوراپ بارڈر پِلر 214 کو 7 دسمبر 2025 کو کاروباری سرگرمیوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ ڈی سی آفیس تربت میں سرحدی تجارت کی بحالی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بارڈر سے وابستہ تاجروں، نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی سی کیچ نے کہا کہ مقامی تاجروں کی سہولت، تجارت کے فروغ اور رکاوٹوں کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے مزید بتایا کہ 1 ستمبر کو ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس میں تاجر، سول سوسائٹی اور ضلعی انتظامیہ شامل ہوگی، سرحدی مقام کا دورہ کرے گا تاکہ بارڈر کھولنے سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجارت وہیں سے بحال کی جائے گی جہاں سے سلسلہ منقطع ہوا تھا اور بعد ازاں بارڈر کو بتدریج مکمل طور پر معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔ کاروباری افراد نے ڈی سی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سرحد کھلنے سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ تاجروں نے اس اقدام کو کیچ اور آس پاس کے علاقوں کے لئے امید کی نئی کرن قرار دیا۔

