گوادر: مکران کوسٹل ہائی وے پر تیل بردار گاڑیوں کا خوفناک تصادم، دو ڈرائیور جھلس کر جاں بحق، دو زخمی

گوادر(گدروشیا پوائنٹ) مکران کوسٹل ہائی وے پر تیل بردار گاڑیوں میں خوفناک تصادم، دو افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ دو زخمی، پولیس ذرائع کے مطابق گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے کے علاقے پلیری کے مقام پر تیل بردار دو پک اپ گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کو آگ لگ گئی۔ ڈی ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس طلال جان گچکی نے بتایا ہے کہ ایک گاڑی کا ڈرائیور جھلس کر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسری گاڑی کا ڈرائیور بھی موقع پر دم توڑ گیا۔ حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ریسکیو کرکے جی ڈی اے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت اختر ولد یار محمد اور فراد ولد عارف کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔