کوئٹہ(گدروشیا پوائنٹ)جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف بائیوکیمسٹری میں سائنس ایگزیبیشن اور ماڈل مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں چوتھے اور چھٹے سمسٹر کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے سائنسی ماڈلز، تحقیقی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے اساتذہ اور مہمانوں نے بے حد سراہا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی تھے۔ انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، طلبہ سے گفتگو کی اور ان کی محنت اور جدتِ فکر کی تعریف کی۔ پرو وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ طلبہ کو عملی اور تحقیقی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا انسٹی ٹیوٹ کی بہترین روایت ہے۔ چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد جاوید اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف حسنی نے بھی طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں سائنسی رجحان، تحقیق پسندی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔ نمائش میں ڈاکٹر آصف سجاد، ڈاکٹر محمد سہیل، فیکلٹی ممبران اور پی آر او محمد صادق نے بھی شرکت کی اور طلبہ کے تیار کردہ ماڈلز کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے علمی مقابلے طلبہ میں خود اعتمادی اور ٹیم ورک کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ پہلی پوزیشن: حرا، دوسری پوزیشن: مختار احمد، تیسری پوزیشن: ذیشان احمد،دوسری کیٹیگری کے نتائج: پہلی پوزیشن: آفتاب،دوسری پوزیشن: سعید احمد،تیسری پوزیشن: تیمور احمد۔
تقریب اختتامی کلمات کے ساتھ اس عزم پر باوقار طریقے سے ختم ہوئی کہ جامعہ بلوچستان آئندہ بھی طلبہ کو تحقیقی اور سائنسی سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

