تربت: تجابان حفاظتی بند کی تعمیر مکمل، علاقے کے زمینداروں کی بروقت اور معیاری کام پر میر ظہور احمد بلیدی اور میر اسلم بلیدی سے اظہارِ تشکر

تربت(گدروشیا پوائنٹ) تجابان حفاظتی بند کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔ علاقے کے زمینداروں نے بروقت اور معیاری کام پر میر ظہور احمد بلیدی اور میر اسلم بلیدی سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حفاظتی بند کی تکمیل سے ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور اب نخیلات و فصلات سیلابی پانی سے محفوظ رہیں گی۔ زمینداروں نے بتایا کہ آدھی رقم کی عدم ادائیگی کے باوجود ٹھیکیدار نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کام بروقت مکمل کیا، جس پر علاقائی معتبرین، محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں اور ٹھیکیدار الطاف جمعہ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق تجابان میں کروڑوں روپے کی کئی ترقیاتی اسکیمیں — جن میں تجابان ملائی بازار، واجہ سید اسلم بازار، میر کریم بخش بازار، میر فقیر محمد بازار کے لنک روڈز، جنازہ گاہ، واٹر سپلائی اور اسکول کے کمروں کی تعمیر شامل ہیں، جو منظور اور مکمل ہوچکی ہیں۔اہلِ علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اجتماعی فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور حفاظتی بند کے مزید 2000 فٹ حصے کی تعمیر بھی جلد از جلد کرائی جائے تاکہ پورا علاقہ سیلابی خطرات سے محفوظ ہوسکے۔