تربت(گدروشیا پوائنٹ)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، جس میں ضلع کی مجموعی صحت عامہ، خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ اور تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالروف، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عزیز دشتی، ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایس ایم ڈاکٹر منیر احمد، ڈرگز انسپکٹر محمد اکرم بلوچ، خزانہ آفیسر صدام بلوچ اور سول سوسائٹی کے نمائندہ گلزار دوست سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کیچ کو 17 نومبر سے شروع ہونے والی خسرہ و روبیلا ویکسینیشن مہم کی حکمت عملی، ٹیموں کی تشکیل اور فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں مہم کو کامیاب بنانے کے لیے فیلڈ ٹیموں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ “خسرہ اور روبیلا مہم ہر صورت کامیاب بنائی جائے۔ ضلع کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔” انہوں نے والدین میں شعور بڑھانے کے لیے مہم سے متعلق ایک جامع آگاہی ویڈیو جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں خالی آسامیوں اور عملے کی کمی پر بھی بحث ہوئی، اور ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ ضلع کیچ میں صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

