تربت: ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی قیادت میں خسرہ و روبیلا مہم کا آغاز، 6 ماہ سے 5 سال کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے

تربت(گدروشیا پوائنٹ)ممبر صوبائی اسمبلی اور سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کے ہمراہ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بچوں کو قطرے پلا کر بارہ روزہ خسرہ اور روبیلا مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر صحت مکران ڈویژن ڈاکٹر محب اللہ، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالعزیز بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی، ڈبلیو ایچ ضلع کیچ کے نمائندے ڈاکٹر ارسلان بلوچ، پی پی ایچ آئی کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر منیر احمد، نیشنل پروگرام ضلع کیچ کے کوآرڈینیٹر صفدر بلوچ، ڈاکٹر فاروق رند اور دیگر متعلقہ اہلکار بھی موجود تھے۔صوبہ بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کیچ میں بھی یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال کے بچوں کو حفاظتی قطرے اور ٹیکے لگائے جائیں گے تاکہ وہ خسرہ اور روبیلا کے وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ویکسینیشن ٹیمیں ضلع بھر کے شہری و دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی، جبکہ اسکولوں اور کمیونٹی مراکز میں بھی ویکسینیشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔یہ مہم بچوں کی صحت کی حفاظت کے لیے ایک اہم اقدام قرار دی جا رہی ہے۔