گوادر( گدروشیا پوائنٹ)چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی جانب سے میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال گوادر کے ڈائلیسس سینٹر کے لیے فراہم کردہ پانچ لاکھ روپے کی رقم موصول ہونے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ڈائلیسس سے متعلق ضروری ادویات اور طبی سامان خرید کر ہسپتال پہنچا دیا ہے۔ ایم ایس سول ہسپتال گوادر ڈاکٹر حفیظ بلوچ کے مطابق یہ طبی سامان استعمال میں لاتے ہوئے مریضوں کا علاج باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کے لیے ڈائلیسس کی فوری سہولت فراہم کی گئی ہے اور پانچ مریضوں کا ڈائلیسس مکمل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاونت ان کی عوامی خدمت، دوراندیشی اور صحت کے شعبے سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے اب مقامی مریضوں کو ڈائلیسس کے لیے گوادر سے باہر جانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی کیونکہ یہ سہولت شہر میں ہی دستیاب ہوچکی ہے۔ صحت کی اس اہم سہولت کی فراہمی پر مریضوں اور شہریوں نے چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف درجنوں مریضوں کو آسانی ملی ہے بلکہ سفری اخراجات سے بھی نجات مل گئی ہے۔

