تربت: گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ڈگاری کہن میں نئے ہیڈ ماسٹر میر اللہ بخش بلوچ کے اعزاز میں تقریب

تر ت(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ڈگاری کہن تربت میں نئے تعینات ہونے والے ہیڈ ماسٹر میر اللہ بخش بلوچ کے چارج سنبھالنے کی خوشی میں ایک مختصر مگر باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن (WTA) کے ضلعی صدر حاجی مفتی سعید احمد بلوچ، سیسا کیچ کے نو منتخب صدر کامریڈ رسول بخش بلوچ، ڈبلیو ٹی اے کے ضلعی جنرل سیکرٹری صالح بلوچ، ضلعی سینئر رہنما حاصل ولی اور سابق ہیڈ ماسٹر و پیش رو مولا بخش بلوچ سمیت معزز اساتذہ کرام نے شرکت کی تقریب میں سنہری روایت کے مطابق نئے ہیڈ ماسٹر میر اللہ بخش بلوچ کو کرسیِ اعزاز پر بٹھایا گیا اور ان کی نئی ذمہ داریوں کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کی گئی اس موقع پر ڈبلیو ٹی اے کے ضلعی صدر مفتی سعید احمد بلوچ, سیسا ضلع کیچ کے صدر کامریڈ رسول بخش بلوچ اور ڈبلیوٹی اے کے جنرل سیکرٹری صالح بلوچ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سابق ہیڈ ماسٹر مولا بخش بلوچ کی شبانہ روز محنت، مثالی انتظامی صلاحیتوں اور اساتذہ کے بھرپور تعاون سے بوائز ہائی اسکول ڈگاری کہن نے نہ صرف اسکول کے انفراسٹرکچر، عمارات، پلے گراؤنڈ اور انتظامی امور میں نمایاں ترقی کی ہے بلکہ نظم و ضبط، تعلیمی ماحول اور کارکردگی کے اعتبار سے یہ ادارہ پورے ضلع اور مکران ڈویژن کا ایک مثالی تعلیمی مرکز بن چکا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے ہیڈ ماسٹر میر اللہ بخش بلوچ اپنے پیش رو کی کامیاب روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اسکول کو مزید ترقی، نظم و ضبط اور اعلیٰ تعلیمی معیار کی جانب لے جائیں گے اور ادارے کے نام کو مزید وقار بخشیں گے سابق ہیڈ ماسٹر جناب مولا بخش بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہو چکے ہیں، تاہم اسکول، اساتذہ اور طلبہ کیلئے ان کی رہنمائی ہمیشہ حاضر رہے گی اور جب بھی ادارہ انہیں ضرورت محسوس کرے گا، وہ اپنی خدمات پیش کرنے میں کبھی دریغ نہیں کریں گے نئے ہیڈ ماسٹر میر اللہ بخش بلوچ نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اساتذہ کے تعاون سے اسکول کی بہتری، طلبہ کی معیاری تعلیم، تربیت اور نظم و ضبط کے فروغ کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے تقریب کے اختتام پر مولانا حافظ عبدالقیوم نے نئے ہیڈ ماسٹر کی کامیابی اور اسکول کی مزید ترقی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا کروائی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں صابر علی بلوچ (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گھنہ)، محمد حاجی (ہیڈ ماسٹر بوائز مڈل اسکول مرمر)، محمد اسلم شاکر (ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول میری کلگ)، اسلم میرین (سینئر سائنس ٹیچر، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کلاتک و صدر ڈبلیو ٹی اے سرکل کلاتک)، اور اسکول کے سینئر اساتذہ کرام کہدہ پیرل کریم بلوچ، عبدالغفور بلوچ، نوید احمد بلوچ، ولی محمد دکھی، واجہ عبدالرشید، عبدالقیوم، محمد عمر اور دیگر معزز اساتذہ شامل تھے آخر میں شرکائے دیوان کے اعزاز میں پُروقار چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا.