تربت: تربت یونیورسٹی میں انٹرپرینیوریل مائنڈ سیٹ پر آن لائن سیشن، طلبہ کو جدت اور تخلیقی سوچ اپنانے کی ترغیب

تربت (گدروشیا پوائنٹ) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے زیراہتمام انٹرپرینیوریل مائنڈ سیٹ کے موضوع پر ایک آن لائن سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں شعبہ مینجمنٹ سائنسز، کیمسٹری، ایجوکیشن، کامرس اور اکنامکس کے طلبہ و اساتذہ نے بھرپور شرکت کی، جبکہ یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی سیشن میں حصہ لیا۔ سیشن کے ریسورس پرسن گفٹ یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی نے انٹرپرینیورشپ کے بنیادی تصورات اور خصوصاً برڈز ان ہینڈ پرنسپل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے جدید کاروباری ماحول میں ان نظریات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ کو جدت، تخلیقی سوچ اور ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل رجحانات کے مطابق انٹرپرینیوریل مائنڈ سیٹ اپنانے کی ترغیب دی. ڈاکٹر شاہد قریشی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی بہتری اور ذاتی ترقی کے لیے نئے اور مثبت آئیڈیاز کے ساتھ آگے آئیں اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیشن کے آخر میں شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر غلام جان نے پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی کا قیمتی وقت دینے اور اپنا علم و تجربہ طلبہ کے ساتھ شیئر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیشن کے انعقاد میں تعاون کرنے پر تمام فیکلٹی ممبران خصوصاً چاکر فیض کی کوششوں کو سراہا اور سیشن میں شرکت کرنے پر ملحقہ کالجز کے اساتذہ کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا.