ناگ (گدروشیا پوائنٹ) ضلع واشک کی سب تحصیل ناگ میں گزشتہ چھ دن سے ڈیٹا 4جی سروس مکمل طور پر بند ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل سسٹم پہلے سے موجود نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات نہ ہونے کے باعث ناگ کے تمام سرکاری دفاتر سمیت عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ناگ میں متعدد اہم سرکاری دفاتر موجود ہیں جن میں بی آئی ایس پی رجسٹریشن سنٹر، بی آئی ایس پی ٹرنچ سنٹر، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول، بی ای ایم آئی ایس سیل ،بلوچستان ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، آر ایچ سی سنٹر، نادرا رجسٹریشن سنٹر ،گریڈاسٹیشن شامل ہیں۔ ان تمام اداروں کا کام براہِ راست آن لائن سسٹم سے جڑا ہوا ہے، مگر انٹرنیٹ سہولت نہ ہونے کے باعث سرکاری امور معطل ہوکر رہ گئے ہیں۔ علاقے کے سماجی حلقوں نے محکمہ پی ٹی سی ایل، ڈپٹی کمشنر واشک اور ایم پی اے واشک حاجی میر زابد علی ریکی ایم این اے رخشان ڈویژن انجنئیر عثمان بادینی سے اپیل کی ہے کہ ناگ میں فوری طور پر پی ٹی سی ایل کا سسٹم نصب کرکے فعال کیا جائے تاکہ سرکاری امور اور عوامی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔

