تربت (گدروشیاپوائنٹ) محکمہ تعلیم بلوچستان، ضلع کیچ میں کنٹریکٹ بھرتیوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات مکمل ہوگئیں۔ جس کے بعد ضلع کیچ کے تینوں سینئر تعلیمی افسران کو تمام الزامات سے بری قرار دے کر فوری طور پر انکے سابقہ عہدوں پر بحال کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری تعلیم بلوچستان کے ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہےکہ چیف سیکریٹری بلوچستان نے سیکشن 5 BEEDA 2011 کے تحت قائم فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی کا تفصیلی جائزہ لیا اور قرار دیا کہ ریکارڈ اور شواہد میں کسی قسم کی بےضابطگی اور بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی ہے لہٰذا تینوں تعلیمی افسران کو باعزت بری کیا جاتا ہے۔جن افسران پر الزامات کو جھوٹا قرار دیکر عہدوں سے بحال کیاگیا ہے ان میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ زمرد واحد، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کیچ شائستہ حاصل اور ایڈیشنل ڈویژنل ڈائریکٹر آف ایجوکیشن مکران ڈویژن سعید احمد شامل ہیں۔ جنہیں 29 جنوری کو نوکری سے معطل کیا گیا تھا۔ جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تینوں افسران کو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں افسران کل بروز ہفتہ نوٹیفکیشن کے تحت اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے. دریں اثنا ۔ سیسا کیچ کے سینئر رہنما و سابق صدر حاجی اختر ایاز بلوچ، نومنتخب صدر کامریڈ رسول بخش، جنرل سیکریٹری بدل خان بلوچ، چیئرمین اکبر اسماعیل، ضلعی آرگنائزر فضل احمد، سابق آرگنائزر اصغر مینگل، ڈویژنل صدر محمد انور بلوچ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے سیسا کیچ کے سینئر ممبر زمرد واجد (سابق ڈی ای او)، سیسا کیچ کے وائس چیئرمین سعید احمد (سابق ایڈیشنل ڈویژنل ڈائریکٹر مکران) اور سیسا کیچ کی خاتون رہنما و سابق سیکریٹری خواتین شائستہ حاحل (سابق ڈی او ای فیمیل کیچ) کی طویل مدت بعد دوبارہ بحالی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ان افسران کی بحالی نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ توقع ہے کہ وہ پہلے کی طرح کیچ میں تعلیمی بہتری کے لیے بھرپور خدمات سرانجام دیں گے انہوں نے مزید امید ظاہر کی کہ بحال ہونے والے افسران اپنے تجربے اور قابلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی شعبے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔
وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ضلع کیچ کے ترجمان نے ڈبلیوٹی اے کیچ کی میڈیا سیل سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق ڈی ای او کیچ میڈم زمرد واحد، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر مکران سر سعید احمد بلوچ اور سابق ڈپٹی ڈی او فیمیل محترمہ شائستہ حاصل کی سروس میں بحالی دراصل حق و سچائی کی ایک نمایاں فتح ہے ضلع کیچ میں کنٹریکٹ بھرتیوں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے الزامات کے باعث حکومتِ بلوچستان نے ایک حکم نامے کے تحت ان تینوں تعلیمی آفیسران کو معطل کردیا تھا تاہم تفصیلی چھان بین اور محکمانہ جانچ پڑتال کے بعد یہ الزامات ثابت نہ ہوسکے، جس کے بعد انہیں بحال کر دیا گیا جو یقیناً ایک نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا اقدام ہے وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان، ضلع کیچ ان معزز آفیسران کی بحالی پر انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے ترجمان نے مزید کہا کہ جن الزامات کی بنا پر یہ آفیسران معطل کیے گئے تھے، انہی مبینہ بے ضابطگیوں کے پاداش میں کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی ہونے والے متعدد اساتذہ کے اپوائنٹمنٹ آرڈرز بھی منسوخ کر دیے گئے تھے اب جبکہ ان الزامات کے کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آئے اور متعلقہ آفیسران باعزت طور پر بحال ہو چکے ہیں تو انصاف کا تقاضا ہے کہ انہی الزامات کے تحت منسوخ کیے گئے کنٹریکٹ ٹیچرز کے پہلے جاری شدہ اپوائنٹمنٹ آرڈرز کو بھی فوری طور پر بحال کیا جائے انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ جیسے آفیسران کی بحالی کے احکامات الزامات کے ثابت نہ ہونے کی بنیاد پر جاری کیے گئے ہیں، بالکل اسی طرح کنٹریکٹ ٹیچرز کے آرڈرز بھی بلا تاخیر بحال کیے جائیں، تاکہ ان اساتذہ کے روزگار کے مسائل حل ہوں اور تعلیمی نظام میں پیدا ہونے والا خلا بھی پُر ہوسکے۔

